(24 نیوز)امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ جان باس اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ نے آج نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں فریقین نے پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات اور جاری تعاون کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مثبت اور نتیجہ خیز روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ مشترکہ مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید ترقی کی جا سکے۔امریکی وفد نے بھی اس موقع پر پاکستان کے ساتھ جاری منصوبوں اور مستقبل کے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔