(24 نیوز )کرکٹ کی بات کی جائے اور روایتی حریف پاک بھارت ٹیم کا ذکر نہ ہو ایسا ہو نہیں سکتا، دونوں ٹیموں کے کانٹے دار اور سنسنی خیز ٹاکرے دیکھنے کےلیے شائقین کرکٹ ہمیشہ ہی پرجوش ہوتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف سخت حریف بن کر سامنے آتے ہیں لیکن کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ان دونوں ملکوں کے کھلاڑی اب کئی سال بعد ایک ٹیم میں ساتھ کھیلتے نظر آئیں؟سوچیں کرکٹ شائقین کے لیے وہ کتناحیران کن لمحہ ہوگا اگر جب پاکستان کے بابر اعظم، شاہین آفریدی بھارت کے ویرات کوہلی اور بمرا ایک ہی ٹیم سے کھیل رہے ہوں ، کرکٹ شائقین کا پاک بھارت کھلاڑیوں کا ایک ہی ٹیم میں کھیلنے کا یہ خواب جلد پورا ہوسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ کے حلقوں سے ایک اہم پیش رفت سامنے آرہی ہے کہ مشہور کرکٹ ٹورنامنٹ ’افرو ایشیا کپ‘ کو ایک بار پھر سے شروع کرنے کی بات چیت شروع ہورہی ہے،اگر کسی کو معلوم نہیں کہ افرو ایشیا کپ کیا ہے تو ان کو بتاتے چلیں کہ سال 2005 اور 2007 میں یہ ٹورنامنٹ کھیلا گیا تھا جس میں 2 ٹیمیں( ایشیا الیون اور افریقا الیون) شامل تھیں۔
ایشیا الیون جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا سمیت ایشین ٹیموں کے کرکٹرز شامل تھے اور افریقا الیون میں جنوبی افریقا، زمبابوے، کینیا اور پڑوسی ممالک کے کھلاڑی تھے،اس ٹورنامنٹ کے 2 کامیاب ایڈیشنز کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ جاری نہیں رہ سکا،2008 کے ممبئی حملوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے تعلقات کو بری طرح متاثر کیا اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک باہمی سیریز بھی نہیں کھیلتے۔
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال دسمبر میں جے شاہ کے آئی سی سی کے نئے چیئرمین بننے کے ساتھ اس افرو ایشیا کپ ٹورنامنٹ کو دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان ہے،ایفرو ایشیا کپ کا نیا سیزن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں منعقد ہوسکتا ہے،اگر اس ٹورنامنٹ کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہوجاتا ہے تو ممکنہ طور پر 2025 میں دنیائے کرکٹ ایک ایسا لمحہ دیکھے گی جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوگا۔
اگر یہ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہوتا ہے تو شائقین کو پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک ٹیم میں کھیلتے نظر آئیں گے اور پھر ممکنہ طور پر بابر اور کوہلی کو فینز ایک ٹیم میں کھیلتا دیکھ سکیں گے،یاد رہے کہ 2005 میں پہلے افرو ایشیا کپ کی ایشین الیون میں وریندر سہواگ، شاہد آفریدی، محمد یوسف، عبدالرزاق ،کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے، انضمام الحق اور نہرا سمیت کئی مشہور ایشین کرکٹرز شامل تھے۔