(24نیوز) کراچی چڑیا گھر میں افریقی شیرکے جوڑے کے ہاں تین بچوں کی پیدائش کے بعد سفاری پارک میں مختلف جانوروں کے ہاں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جس سے سفاری پارک کی رونقوں میں اضافہ ہوگیا ہے.
تفصیلات کے مطا بق کراچی کے سفاری پارک میں کالے ہرن (Black Buck) کے ہاں سات بچوں کی پیدائش ہوئی، اسپوٹڈ ہرن(Spotted Deer) نے چھ بچوں کو جنم دیا جبکہ پہاڑی بکرے (Ibex) کے ہاں دو بچے، بھیڑ (Mouflon) اور اونٹ کے ہاں ایک ایک بچہ اور گھوڑے کے جوڑے نے بھی ایک بچے کو جنم دیا ہے،نوزائیدہ بچوں کو دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد سفاری پارک کا رخ کر رہی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سینئر ڈائریکٹر ریکریشن اقبال نواز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانوروں کے نوزائیدہ بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور ان کی خصوصی دیکھ بھال کی جائے جبکہ خوراک اور صحت کے حوالے سے بھی خصوصی توجہ دی جائے ، چڑیا گھر اور سفاری پارک میں جانوروں کے ہاں بچوں کی پیدائش خوش آئند ہے اور اس سے جانوروں کی کمی کو دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام کو تفریحی سہولتیں مہیا کرنے کے لیے کے ایم سی بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور ان کوششوں کو نتیجے میں اب روزانہ ہزاروں کی تعداد میں شہری ان تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ باغ ابن قاسم، عزیز بھٹی پارک، ہل پارک اور دیگر پارکوں میں بھی تفریحی سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے، باغ ابن قاسم میں بچوں کے لیے بھول بھلیاں بنائی گئی ہیں اور سائیکل ٹریک بھی بنایا گیا ہے جس کے باعث اب اسکولوں کے بچے بھی باغ ابن قاسم کی سیر کے لیے آرہے ہیں، بارشوں کے بعد سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا آغاز کردیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ جس طرح شہریوں کو بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی نظر نہیں آیا اورنکاسی کا عمل مسلسل جاری رہا اسی طرح سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی فوری کی جائے گی۔