(24 نیوز)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیکولین فرنینڈز اپنے اداکاری اور رقص کی مہارتوں کے بعد اب گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھنے جا رہی ہیں۔ ان کا پہلا گانا ’اسٹارم رائیڈر‘ امریکی ریکارڈ لیبل مسٹ میوزک کے ساتھ اشتراک میں ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے۔
جیکولین فرنینڈز نے اپنے میوزک ڈیبیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پرورش ایسے گھرانے میں ہوئی جہاں موسیقی ہمیشہ موجود رہی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد پارٹ ٹائم ڈی جے تھے اور بچپن سے ہی مختلف موسیقی کی اقسام سے ان کا واسطہ رہا۔
اداکارہ نے مزید کہا، "میرے لیے موسیقی کہانی سنانے اور جذبات کے ساتھ جڑنے کا ایک ذریعہ ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ میرا گانا سننے والوں کے دل میں اترے، بالکل اسی طرح جیسے بچپن میں سنی گئی موسیقی نے مجھ پر اثر ڈالا تھا۔"
جیکولین فرنینڈز نے اپنے گانے ’اسٹارم رائیڈر‘ کا ٹیزر بھی ریلیز کر دیا ہے، اور اس کی مکمل ویڈیو 20 ستمبر کو لانچ کی جائے گی۔ مداح اس ویڈیو کے ریلیز کے لیے بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں اور توقع کر رہے ہیں کہ جیکولین اپنے گلوکاری کی مہارت سے بھی اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گی۔