(24نیوز)سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیوں میں تبدیلی اور توسیع کردی گئی، سندھ میں کاروباری، سماجی پابندیاں 16 مئی تک نافذ رہیں گی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے اس ضمن میں ایک بار پھر حکم نامہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق سندھ میں دو روزہ کاروباری سرگرمیوں کو بند رکھنے کے ایام میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی کردی گئی۔ صوبے بھر میں ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی تاہم اشیائے خورد و نوش، ادویہ اسٹورز، ہسپتال، کلینکس، دودھ، بیکری، قانون نافز کرنے والے اداروں، میڈیا اداروں اخبار فروشوں سمیت لازمی خدمت کے اداروں پر پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔نوٹی فکیشن کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے لیے سحری سے شام 6 بجے تک اجازت ہوگی اس سے قبل کاروباری مراکز صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت تھی۔نوٹی فکیشن کے مطابق سینما، تھیٹر، تفریحی پارکس اور مزارات مکمل بند رہیں گے۔ ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
پبلک ٹرانسپورٹ کی ہفتے میں دو روز کی بندش 26 اپریل تک ہوگی۔ریسٹورنٹس کے اوپن ایریا میں افطار کے وقت سے رات 12 بجے تک کھانے کی سروس کی اجازت ہوگی تاہم انڈور سروس پر مکمل پابندی عائد ہوگی، شادی ہالز میں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی عائد ہوگی۔نماز تراویح کے اجتماعات کھلے مقامات پر ہوں گے جہاں ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہوگا، سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف کو روٹیشن پالیسی کے تحت بلایا جائے گا، تمام کام کی جگہوں اور دفاتر میں ماسک کا استعمال ضروری ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کاروباری اوقات میں تبدیلی کا حکمنامہ جاری