کورونا ویکسین کی ہسپتالوں کو  فراہمی ڈریپ نے روک دی،نجی کمپنی

Apr 17, 2021 | 13:23:PM

 (24نیوز)کراچی میں نجی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی درآمد کی گئی کورونا ویکسین کو ڈریپ نے ہسپتالوں کو فراہم کرنے سے فی الحال روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ)کے بروقت اقدامات نہ کرنے کے باعث ویکسین کولڈ اسٹوریج میں رکھی ہے۔کمپنی کی جانب سے کین سائنو بائیو ویکسین کی 10 ہزار خوراکیں چین سے درآمد کی گئی ہیں، نجی کمپنی نے کراچی، لاہور اور اسلا م آباد میں موجود تین ہسپتالوں سے معاہدہ کیا ہوا ہے تاہم کاغذی کارروائی میں تاخیر کے باعث ویکسین کو کولڈ اسٹوریج میں رکھا ہوا ہے۔

دوسری جانب ڈریپ ذرائع کے مطابق ویکسین کے نمونے بائیو لوجیکل ویری فکیشن کے لیے نیشنل بائیولوجیکل لیب  بھیجے گئے ہیں اس لیے جب تک این بی ایل کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائےگا تب تک ویکسین کو بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈریپ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈریپ کی اجازت قیمت اور این بی ایل کے سرٹیفکیٹ سے مشروط ہے، امید ہے کہ جلد ہی معاملہ حل ہوجائے گا۔
 یہ بھی پڑھیں:      ہسپتالوں کی منتقلی کا معاملہ:وفاق اور سندھ حکومت میں ٹھن گئی

مزیدخبریں