وزارتِ داخلہ کو ملک بھر میں کالعدم تحریک لبیک پر کڑی نظر رکھنے کا حکم 

Apr 17, 2021 | 19:17:PM

(24نیوز)وفاق کی جانب سے وزارتِ داخلہ کو ملک بھر میں کالعدم جماعت تحریک لبیک پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق کالعدم جماعت تحریک لبیک پر کسی بھی قسم کا چندہ لینے پر پابندی ہے۔وفاق کی طرف سے کالعدم جماعت پر چندہ اکٹھا کرنے پر پابندی یقنیی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کالعدم جماعت پر چاروں صوبوں، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ریفرنس دائر کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل آفس نے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ریفرنس کی تیاری پر کام شروع کر دیا ہے۔اٹارنی جنرل آفس کے ذرائع نے بتایا کہ تحریک لبیک کے خلاف ریفرنس تیار کرنے میں چند روز لگ جائیں گے، سپریم کورٹ میں حقائق اور قانونی معاملات کو مدنظر رکھ کر جامع ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں۔ جہانگیر کا حکومت پردباﺅ بڑھانے کافیصلہ۔۔21اپریل کو ہم خیالوں کا اجلاس طلب

مزیدخبریں