خبریں بے بنیاد۔۔سارک چیمبر کی صدارت سے استعفانہیں دیا،افتخار علی ملک

Apr 17, 2021 | 20:34:PM

 (24نیوز)معروف بزنس مین ،صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری،چیئرمین یونائٹیڈ بزنس گروپ،سابق صدر ایف پی سی سی آئی افتخار علی ملک نے سارک چیمبر کی صدارت سے استعفا دینے کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدستور سارک چیمبر کے صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے ممبر کی حیثیت سے استعفا دیا ہے کیونکہ میں79سال کی عمر میں کئی اہم ذمہ داریاں نبھارہا ہوں جس میں سارک چیمبر کی صدارت بھی شامل ہے اور یہ نہ صرف میرے بلکہ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین کی حیثیت سے یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کے ساتھ ملکر پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل اجاگر کرکے انہیں حکومت تک پہنچا رہا ہوں اور یو بی جی نے حکومت کو بجٹ تجاویز بھی فراہم کردی ہیں جن پر عمل کرکے نہ صفر بزنس کمیونٹی بلکہ حکومت بھی فائدے میں رہے گی۔
 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں میڈ ان پاکستان پر توجہ دینی ہوگی اور اسمگلنگ جیسے ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا ،پاکستانی پروڈکٹس کی مارکیٹنگ، پیکجنگ اور برانڈنگ پرتوجہ دی جائے اورانڈسٹریلائزیشن اورویلیوایڈیشن پر حکومت اپنی خصوصی توجہ مرکوز کرے،حکومت پیکجنگ کیلئے علیحدہ انڈسٹریل زون قائم کرے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ مارکیٹنگ کو دنیا بھر میں جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے،ہمیں بھی اپنی مصنوعات کی بھرپور مارکیٹنگ کیلئے محنت اورجدید ٹیکنالوجی کے ساتھ سہولیات سے آراستہ ہونے کی ضرورت ہے ۔

یہ بھی پڑھیں۔پاکستان کو مزید خطرات سے بچانے کےلئے نااہل حکومت کو ہٹانا ضروری ہے، شازیہ مری

مزیدخبریں