(24نیوز)جہانگیر ترین کے حمایتی اور تحریک انصاف کے ناراض رہنما سلمان نعیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت سارے ممبران جہانگیر ترین کی حمایت میں ہیں مگر ابھی وہ سامنے نہیں آئے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ ’جہانگیر ترین نے اس ماہ کی21 تاریخ کو ارکان کے اعزاز میں افطار ڈنر کے پروگرام کا انعقاد کیا ہے، جس کے بعد مستقبل سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آج دو ارکان اسمبلی جہانگیر ترین کی حمایت میں سامنے آگئے، جن میں سے ایک قومی اور دوسرا صوبائی اسمبلی کا رکن ہے، بہت سارے ممبران ابھی سامنے بھی نہیں آئے، ممکن ہے وہ 21 اپریل کے بعد کھل پراپنی حمایت کا اعلان کردیں‘۔
سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ ’جہانگیر ترین نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا اور وہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے، وہ ان مقدمات کا سامنا کرنے کے بعد سرخرو ہوں گے‘۔
واضح رہے کہ آج لاہور کی بینکنگ کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جہانگیر ترین پیش ہوئے۔عدالت نے دلائل کے بعد جہانگیر ترین، علی ترین ، رانا نسیم اور عامر وارث کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں کورونا سے مزید35 افراد انتقال کرگئے