(24 نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ 33 ہنگو میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے میدان مار لیا۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 33 ہنگو میں ضمنی الیکشن میں کے تمام پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا، نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر ندیم خیال21 ہزار 583 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ جے یو آئی (ف) کے امیدوار مفتی عبید اللہ 17 ہزار 153 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر اور سکیورٹی کے افسران کو چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز پر نتائج کی کاپی فراہم کی جائے۔
پولنگ صبح8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی ،اے این پی ، جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں میں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ این اے 33 ہنگو کی خالی نشست پر پولنگ پرامن طور پر جاری ہے۔ الیکشن کمیشن مرکزی کنٹرول روم سے صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔ ضمنی انتخاب کے لئے 210 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، ووٹرز بلا خوف وخطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، پولنگ میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، کسی بھی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پہلے مرحلے میں اتحادیوں کو وزارتیں دی جائیں۔ زرداری کا شہباز شریف کو مشورہ