(24نیوز)سابق وزیر اعظم اورپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعتراف کر لیا ہے کہ امریکا نے پاکستان سے اڈے نہیں مانگے تھے۔
یاد رہے کہ ہفتے کی شب کراچی کے جناح باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے تسلیم کرلیا کہ ایک انٹرویو میں مجھ سے پوچھا گیا کہ کیا آپ امریکا کو اڈے دیں گے؟ اس پر میں نے کہا کہ ایب سولیوٹلی ناٹ۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں پاک فوج کے ترجمان نے بھی کہا تھا کہ امریکا نے پاکستان سے اڈے نہیں مانگے، اس لئے انکار کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔اس سے قبل قومی سلامتی کے سابق معاون خصوصی معید یوسف بھی کہہ چکے ہیں کہ امریکا نے پاکستان سے اڈے نہیں مانگے اور نہ ہی اڈوں پر امریکا سے بات ہوئی ۔
واضح رہے کہ کافی عرصے سے عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنما امریکا کو اڈے نہ دینے کے حوالے سے کئے گئے انکار پر بھر پور طریقے سے سیاست کر رہے تھے کہ عمران خان پہلا وزیراعظم ہے جو امریکا کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے۔اور اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ بادل برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی