(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما اعجاز الحق کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کےفیصلے کے مطابق الیکشن 14 مئی کو ہونے ہیں مگر ایسا لگتا نہیں۔
اعجاز الحق نے ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا تمام پارٹیوں کے سربراہان سے ملنا خوش آئند ہے۔عیدکے بعد میں بھی پارٹی سربراہان سےمل کرہم آہنگی پیداکرنےکی کوشش کروں گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے ، عمران خان جو مرضی کر لیں ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ عام انتخابات مقررہ وقت پر اسی سال ہوں گے، اپنے حلقے میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنماکا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا، حلقے کے عوام نے ہر بار مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ جیسے ہی الیکشن شروع ہوگا نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے، انہوں نے کہا کہ ایک فتنے کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے، اس فتنے کو سازش کے ذریعے مسلط کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے اسٹیٹ بینک کو پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کیلئے 21 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔