(24 نیوز) آزاد کشمیر کے نااہل کیے گئے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کے بطور وزیر اعظم سرکاری خزانے سے جاری کیے اضافی اور خفیہ فنڈز کی تفصیلات 24 نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔
24 نیوز کو موصول ہونیوالی دستاویزات میں سردار تنویر الیاس کے حکم پر خفیہ فنڈز اور اضافی گرانٹ بغیر کسی منظوری کے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ان دستاویزات کے مطابق آزاد کشمیر میں منظور شدہ بجٹ سے کئی گناہ زیادہ سرکاری فنڈز نکالے گئے ہیں جس کا نوٹس چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے لے لیا اور محکمہ خزانہ آزاد کشمیر سے رپورٹ طلب کر لی۔
یہ بھی پڑھیے: آزاد کشمیر، پی ٹی آئی میں پھوٹ پڑ گئی، بیرسٹر سلطان محمود کا فارورڈ بلاک قائم
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سیکریٹریٹ کیلئے 75 کروڑ روپے کا اضافی بجٹ نکالا گیا جبکہ اس کیلئے منظورشدہ بجٹ 19 کروڑ 99 لاکھ روپے تھا۔
اسی طرح سیکرٹ سروسز فنڈ کی مد میں 60 کروڑ 50 لاکھ روپے اضافی نکالے گئے جس کیلئے اصل بجٹ صرف 2 کروڑ روپے مختص کیا گیا تھا۔
دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ اضافی ضمنی بجٹ رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں نکالا گیا جس سے چیف سیکرٹری کو لاعلم رکھا گیا۔
چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے اضافی رقم کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔