(24 نیوز) وزیراعظم نے جے یو آئی کے سربراہ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے بلند درجات کیلئے فاتح خوانی اور دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خرم دستگیر، انجنئیر ضیاء الرحمان، آغا سید محمود شاہ، ناصر موسی زئی ،صاحبزادہ اسجد محمود بھی موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی رحلت ہماری جماعت کا نہیں اس ملک کا نقصان ہے، مفتی عبدالشکور جماعت کے اندر بھی ہمیشہ حق اور سچ کی بات کرتے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کابینہ میں بھی مفتی عبدالشکور بغیر ڈر اور خوف کے بات کرتے تھے، مفتی عبدالشکور حقیقی معنوں میں مخلص اور ملنسار انسان تھے، مفتی عبدالشکور حج کیلئے بہت فکر مند اور پریشان تھے۔
مفتی عبدالشکور کے انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر خرم دستگیر، وفاقی وزیر شیری رحمان، وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل، وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی، وفاقی وزیر سردار احسان مزاری، خورشید جونیجو، جاوید علی شاہ، وزیراعظم کے مشیر انجنئیر امیر مقام، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، ناصر موسی زئی، اے این پی کے میاں افتخار حسین، ذاہد خان نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ شرکا نے مرحوم مفتی عبدالشکور کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔
وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالشکور کی رحلت پاکستان اور پارلیمان کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و سینیٹر شیری رحمان نے وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے انتقال پر مولانا فضل الرحمان سے اظہار تعزیت کی۔
شیری رحمان نے کہا کہ سوگوار لواحقین اور جمعیت علمائے اسلام ف کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی مفتی عبدالشکور کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالشکور نڈر انسان تھے، ایوان میں وہ ایک مخصوص انداز کے ساتھ آتے تھے، اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے، پسماندہ گان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔