پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام، بروقت کارروائی سے 7 دہشت گرد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنا دی، بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسسز نے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک آرمی کے ادارہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن کئی، غلام خان میں پاک افغان بارڈر سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی فورسز نے 7 دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پتہ چلنے پر شمالی وزیرستان کے علاقے سپن کئی اور غلام خان میں کارروائی کی، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: افسوسناک خبر!بڑی سیاسی جماعت کے امیدوار کی گاڑی کے قریب بم دھماکا
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا، پاکستان بارہا عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ سسٹم لاگو کرنے کا مطالبہ کر چکا ہے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین کا استعمال روکے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے عزم مصمم رکھتی ہیں۔