(24نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، بعد از دوپہر اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنےکی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، مہمند میں آج بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز باجوڑ،مردان،مالاکنڈ،لوئر دیر،مانسہرہ ،خیبر،سوات،کوہاٹ سمیت خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں طوفانی بارشیں ہوئیں۔
ضلع خیبر میں سیلابی ریلےمیں گاڑی بہہ گئی جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگیا،ادھر بٹ گرام میں پہاڑوں سے آنے والا سیلابی ریلا کئی موٹرسائیکلیں بہا لے گیا، موسلا دھار بارشوں سے باغات اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
کراچی میں آج وقفے قفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرکا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گرم موسم کے ساتھ آج شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور سمندری ہوائیں 8کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور گردونواح میں بارش ہو سکتی ہے، سندھ میں دن میں درجہ حرارت معمول سے 6سے 8ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، شام یا رات میں ژوب،موسیٰ خیل،بارکھان میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برسانے والا سسٹم موجود ہے جس کے زیر اثر صوبے کے بیشتر اضلاع میں کل بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برسانے والا سسٹم موجود ہے، تاہم آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ لاہور میں بھی موسم خشک رہے گا، آج بارش کا امکان نہیں ہے، کل لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بادلوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بیان کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت میں شدید ژالہ باری ایک بار پھر ہو سکتی ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے تفصیلات بتادیں،گزشتہ روز اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی جب کہ ژالہ باری سے سینکڑوں گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے علاوہ دیگر کئی نقصانات ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق ژالہ باری سے فیصل مسجد کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جس طرح گزشتہ روز اسلام آباد میں شدید گرمی کی لہر کے دوران اچانک آسمان نے اولے برسائے اور شدید ژالہ باری سے سینکڑوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، اس طرح کی ژالہ باری دوبارہ بھی ہو سکتی ہے،ژالہ باری کے دوران گرنے والے اولے اتنے بڑے تھے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کھلے آسمان تلے موجود گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سڑکوں و پارکوں میں جیسے سفید چادر بچھ گئی۔
ژالہ باری کے حوالے سے کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ ہمارے اعمال کی سزا ہے تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جب موسم بدل رہا ہوتا ہے تو اس طرح کے ایونٹ ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں نے ہمارے خطے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، اس طرح کی شدید زالہ باری مستقبل قریب میں بھی پھر ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ پہلے جاری کیا جا چکا تھا، ہیٹ ویو کی لہر بھی آئندہ کچھ دنوں میں پیش آ سکتی ہے۔