(امین دیپلائی)عمر کوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 213میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی نےمیدان مار لیا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کی امیدوار صبا تالپر نےاپوزیشن کے متفقہ امیدوار لال چند مالہی کو شکست دیدی۔
غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کےمطابق این اے کے 498 پولنگ سٹیشن کے مکمل نتائج موصول ہوگئے۔پیپلزپارٹی کی امیدوار صبا تالپر نے 164788 ووٹ حاصل کرکے میدان مارلیا،اپوزیشن کے متفقہ امیدوار لال چند مالہی نے 81247 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر رہے ،پیپلزپارٹی کی امیدوار صبا تالپر نے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار لال چند مالہی کو 83541 ووٹوں سے ,شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق عمر کوٹ میں ضمنی الیکشن کے موقع سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہی۔پی ٹی آئی، جی ڈی اے، جے یو آئی اور جماعت اسلامی سمیت 18 امیدوار میدان میں تھے۔
عمرکوٹ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا کنری میں قائم صبا ٹالپر کے کیمپ آفس میں جشن کا سماں ہے،کارکنوں کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی نواب تیمور تالپور کو مبارکباد دینے کاسلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مخالف امیدوار لال چند مالہی نے الیکشن کمیشن پر مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدوار کی کامیابی پر این اے 213 کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ عمرکوٹ! آپ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ "میر جو نو پیر جو، ووٹ بینظیر جو": بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ صبا تالپر کی کامیابی این اے 213 کے ووٹرز کی جیت اور جمہوریت کی فتح ہے،این اے213 کی کامیابی جیالوں کی محنتوں کا ثمر اور عوام کے اعتماد مظہر ہے،ان کاکہناتھا کہ این اے 213 نے دنیا کو بتادیا کہ سندھ کے عوام باشعور ہیں، نوسر بازوں کو گھاس بھی نہیں ڈالتے،آئیے، کل حیدرآباد میں جمع ہوکر این اے213 کی کامیابی کا جشن منائیں،چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ آج عمرکوٹ نے دنیا کو بتادیا، کل حیدرآباد بھی ثابت کردے گا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یادرہے کہ این اے 213 عمر کوٹ کی نشست پیپلزپارٹی کے رہنما نواب یوسف تالپور کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، حلقہ میں پولنگ سٹیشنوں کی کل تعداد 498 ہے، جس میں سے 269 کو حساس اور 91 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا،2018 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے رہنما نواب یوسف تالپور نے اسی حلقے سے 1 لاکھ 75 ہزار 162 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ان کے مدِمقابل مسلم لیگ ن کے میر امان اللّٰہ تالپور 44,061 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ لال چند مالہی 37 ہزار 958 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر تھے۔اس حلقے میں کُل ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 9 ہزار 10 ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 13 سال بعد مذاکرات کا آغاز