اب قومی شناختی کارڈ نمبر ہی میڈیکل ریکارڈ (ایم آر) نمبر ہو گا: مصطفیٰ کمال

Apr 17, 2025 | 11:59:AM
اب قومی شناختی کارڈ نمبر ہی میڈیکل ریکارڈ (ایم آر) نمبر ہو گا: مصطفیٰ کمال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ قومی شناختی کارڈ نمبر اب میڈیکل ریکارڈ (ایم آر) نمبر کے طور پر کام کرے گا۔

مصطفیٰ کمال نے نادرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے اعلیٰ سطح کی ملاقات کی،ملاقات میں اعلان کیا گیا کہ ’ایک مریض، ایک شناخت‘ وژن کے تحت مریضوں کے میڈیکل ریکارڈ کے لیے ایم آر نمبر کا نفاذ کر رہے ہیں جس سے پورے ملک میں کسی بھی وقت مریضوں کا میڈیکل ریکارڈ قابلِ رسائی ہو گا۔

 وزیرِ صحت نے کہا کہ پاکستان کے ہیلتھ سسٹم میں مریضوں کی میڈیکل ہسٹری کا جامع ڈیٹا موجود نہیں، جسے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اب نادرا کے ڈیٹا بینک کی مدد سے جدید، مؤثر اور مربوط ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم قائم کیا جائے گا، ٹیلی میڈیسن کے ذریعے طبی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی۔

مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم روایتی نظام سے نکل کر ڈیجیٹل ہیلتھ کو اپنائیں تاکہ معیاری اور پائیدار علاج ہر فرد کو میسر ہو، اس سلسلے میں ملک کا سب سے بڑا اور محفوظ ترین شہری ڈیٹا بیس نادرا نئے ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کا کام کرے گا،ان کا کہنا ہے کہ ’ایک مریض، ایک شناخت‘ وژن کے تحت پورے ملک میں ایک ایم آر نمبر نافذ کرنے جا رہے ہیں اور اب قومی شناختی کارڈ نمبر ہی ایم آر نمبر ہو گا۔