ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش  کی پیش گوئی 

Apr 17, 2025 | 20:22:PM

(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش  کی نوید سنا دی۔

رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی چلنےاور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

ادھرخیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم بٹگرام، بونیر، کرم،کرک ، باجوڑ، مہمند، پشاور،چارسدہ،مردان،صوابی، خیبر،اورکزئی، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، ٹانک، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں آندھی /جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔ اس دوران دیر ،سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر،مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں تیز /موسلادھار بارش /ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

اسی طرح پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود اور گرم رہنے کے علاوہ مری ،گلیات،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، میانوالی، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، میانوالی، بھکر، فیصل آباد،سرگودھا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جنوبی پنجاب میں آندھی /جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ تاہم ژوب،موسیٰ خیل،بارکھان اور گردونواح میں آندھی /جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش/ ژالہ باری کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع گرمی کے زیر اثر ہی رہیں گے ۔تاہم کشمیر اور  گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز /موسلادھار بارش /ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

آج زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت  شہید بینظیر آباد49 ، سبی ، پڈ عیدن ، موہنجوداڑو ،دادو 47،لاڑکانہ46، خیر پور،مٹھی اور سکرنڈ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈالر نے روپے کو روند دیا ،قیمت میں بڑااضافہ

مزیدخبریں