(24نیوز)شاہی قلعہ لاہور میں پنجاب کے سابق سکھ حکمران راجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ دوبارہ توڑ دیا گیا ، شاہی قلعے کی انتظامیہ نے ملزم گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق راجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے والے نوجوان کی عمر لگ بھگ 25 سال بتائی جا رہی ہے۔ ملزم مجسمے کے اردگرد لگے جنگلے کو پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور مجسمے کو دھکا دے کر نیچے پھینک دیا۔ اس موقع پر موجود کچھ افراد نے اسے پکڑ کر قلعہ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھی راجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی۔ لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کے رہائشی نوجوان زبیر نے غصے میں آ کر راجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کا بازو توڑ دیا تھا۔ اس نوجوان کو بھی پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا تھا۔
واضح رہے کہ لاہور کے شاہی قلعہ میں پنجاب کے سابق حکمران راجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ برطانوی سکھ ورثہ کے ڈائریکٹر اور والڈ سٹی اتھارٹی کے باہمی اشتراک سے نصب کیا گیا ہے۔ یہ مجسمہ فقیر خانہ میوزم کے آرٹسٹ نے تخلیق کیا تھا۔ اس مجسمے میں راجہ رنجیت سنگھ کو گھوڑے پر بٹھایا ہوا دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:محرم الحرام میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام۔۔ دو دہشتگرد گرفتار