وفاقی سیکرٹری قانون و انصاف کی تعیناتی معمہ بن گئی

Aug 17, 2022 | 08:49:AM

(ویب ڈیسک) وفاقی سیکرٹری قانون و انصاف کی تعیناتی معمہ بن گئی۔ سابق حکومت کے بعد موجودہ حکومت بھی مستقل سیکرٹری قانون تعینات کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے قانون و انصاف ڈویژن کے سینئر کنسلٹنٹ راجہ نعیم اکبر کو مزید ایک سال کیلئے وفاقی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ڈویژن کا اضافی چارج تفویض کر دیا ہے، راجہ نعیم اکبر کو دی گئی توسیع رواں ماہ 8 اگست سے شمار ہوگی۔

 قبل ازیں راجہ نعیم اکبر کو 3 ماہ کیلئے سیکرٹری قانون کا اضافی چارج دیا جاتا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق کنٹریکٹ پر سیکرٹری قانون کی تعیناتی کیلئے اشتہار بھی سابق حکومت کے دور میں دیا گیا تھا۔

یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ سیکریٹری قانون کا اہم عہدہ طویل عرصے سے اضافی چارج رکھنے والے افسران کے سپرد ہے، اہم قانونی معاملات میں تمام حکومتی ادارے سیکریٹری قانون سے معاونت لیتے ہیں لیکن غیر معمولی طور پر مستقل سیکرٹری قانون کی تعیناتی کے بجائے سابق حکومت نے بھی 4 افسران عبدالشکور پراچہ، خشیع الرحمان، ارشد فاروق فہیم اور راجہ نعیم اکبر کو سیکریٹری وزارتِ قانون کا اضافی چارج دیا اور اضافی چارج کے حامل راجہ نعیم اکبر کو تفویض کردہ سیکرٹری قانون کے اضافی چارج میں طویل عرصے سے مسلسل توسیع کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں