انٹرا پارٹی انتخاب کیس: پرویز الہٰی نے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کے فیصلے پر الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر دیا۔
شجاعت حسین کے انٹرا پارٹی الیکشن چیلنج کرنے کے کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیشن نے کی۔ مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکرٹری جنرل کامل علی آغا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ سالک حسین، شافع حسین اور شجاعت کی جانب سے وکیل عمر اسلم پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:احساس پروگرام کے تحت 1 کروڑ گھرانوں کی امداد ہوگی
دوران سماعت پرویز الہٰی کے وکیل نے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن اس کیس کی سماعت نہیں کرسکتا۔ وکیل نے کہا لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کیس پر دائرہ اختیار متعین کرنے کی ہدایت کی ہے، الیکشن کمیشن کو پابند کرنے کا حکم نہیں دیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا آپ اپنے اعتراضات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیں کیونکہ لاہور ہائیکورٹ نے معاملہ الیکشن کمیشن میں اٹھانے کی ہدایت کی ہے جبکہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو کیس سے متعلق کوئی ہدایات نہیں دیں۔
پرویز الہٰی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پہلے الیکشن کمیشن دائرہ اختیار کا معاملہ نمٹائے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا آپ کی درخواست پر فوری فیصلہ کرنے کے پابند نہیں، دلائل کے بعد فیصلہ کریں گے کہ آگے کیسے چلنا ہے۔
شجاعت حسین کے وکیل نے اعتراضات پر جواب دینے کےلئے وقت مانگ لیا ہے جس کے بعد مزید سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔