فارن فنڈنگ کیس تحقیقات:عمران خان کا ایف آئی اے نوٹس کا جواب دینے سے انکار

Aug 17, 2022 | 18:13:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس تحقیقات میں ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔
عمران خان نے ایف آئی اے کو تحریری جواب میں کہاہے کہ آپ کو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند،دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا،عمران خان اور پی ٹی آئی کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے ایف آئی اے کو جواب بھجوایا، تحریری جواب ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل ، اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو بھجوایاگیا ۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نوٹس بھجوانے کو ایف آئی اے کی بدنیتی قرار دے دیا،عمران خان نے جواب میں کہاہے کہ پی ٹی آئی سے تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے زیراثر ہونے کا مظہرہے،الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی۔
عمران خان نے ایف آئی اے کے نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو اس رپورٹ کی بنیاد پر حکم جاری نہیںکرسکتا، ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2002 کے تحت کارروائی کرنے کا اختیار نہیں، جاری کیاگیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔
عمران خان نے ایف آئی اے کو جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں الیکشن کمیشن کو انتظامی ادارہ قرار دے چکی ہے، الیکشن کمیشن عدالت ہے نہ ہی ٹریبونل۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے عمران خان سے بینک اکاﺅنٹس سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

مزیدخبریں