پولیس تفتیش میں کمزوریاں ہیں جس کا ملزموں کو فائدہ ملتا ہے:چیف جسٹس عمر عطا بندیال

Aug 17, 2023 | 10:57:AM

( امانت گشکوری)سپریم کورٹ میں پولیس آرڈر 2002 کی منسوخی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ حال ہی میں عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں تمام آئی جیز اور پراسیکیوٹرز پیش ہوئے،کرائم سین کا تحفظ نہ ہونے سے شواہد ضائع ہو جاتے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ پراسیکیوشن کے عدالتوں میں ناقابل قبول شواہد پیش کرنے سے ملزمان بری ہو جاتے ہیں،پولیس تفتیش میں کمزوریاں ہیں جس کا ملزمان کو فائدہ ملتا ہے ،سندھ نے علیحدہ سے خصوصی تفتیشی ونگ قائم کیا ہے،سندھ پولیس کا اقدام قابل ستائش ہے،عدالت نے کیس کی سماعت چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پنجاب اور اسلام آباد پولیس نے تفتیش میں بہتری کیلئے ابھی ایسے اقدامات نہیں کئے،خیبرپختونخوا میں بھی پولیس نظام کو کچھ بہتر کیا گیا ہے،پنجاب اور اسلام آباد دونوں پولیس نظام بہتر بنانے میں دیگر صوبوں سے پیچھے ہیں۔

وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سندھ اسمبلی تحلیل ہو چکی نگران حکومت سے ہدایات کیلئے مہلت دی جائے،بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں