پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول مسترد کردیا، سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ

Aug 17, 2023 | 22:11:PM

(کفایت علی شاہ) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول مکمل طور پر مسترد کردیا ہے اور مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو کل سپریم کورٹ کے روبرو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی ترجمان حسن رؤف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا جاری کردہ حلقہ بندیوں کا شیڈول بدنیتی پر مبنی اور آئین سے کھلا انحراف ہے، قومی اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی صورت میں آئین دو ٹوک انداز میں الیکشن کمیشن کو نوے روز کے اندر انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا شیڈول نگران حکومت کو دستور کی منشاء کے خلاف طول دینے کی مجرمانہ کوشش ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے انعقاد پر سپریم کورٹ کی حکم عدولی اور آئین شکنی کے بعد الیکشن کمیشن ایک مرتبہ پھر آئین پامال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ’عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہوسکتے‘ الیکشن کمیشن کا نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ

ترجمان پی ٹی آئی حسن رؤف کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی روشنی میں نئی حلقہ بندیوں کو انتخابات سے فرار کے جواز کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، وزیر اعظم کے علاوہ چاروں منتخب صوبائی وزرائے اعلیٰ بھی مشترکہ مفادات کونسل کا حصہ ہوتے ہیں۔

حسن رؤف نے مزید کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختونخوا کے غیرقانونی نگران وزرائے اعلیٰ کو فیصلہ سازی کا حصہ بنا کر بڑی بے ضابطگی کا ارتکاب  کیا گیا، تحریک انصاف کی مقبولیت اور انتخابات میں بدترین شکست کے امکانات کے پیشِ نظر عوام کو آئین کے مطابق ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

آخر پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے آئین سے متصادم شیڈول کو عدالتِ عظمیٰ کے روبرو چیلنج کیا جائے گا۔

مزیدخبریں