نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 25 رکنی کابینہ تشکیل دے دی

Aug 17, 2023 | 22:16:PM

(اویس کیانی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 25 رکنی کابینہ تشکیل دے دی ،کابینہ میں 16 وزراء تین مشیر شامل،6 معاونین خصوصی بھی مقرر کر دئیے گئے، صدر مملکت عارف علوی نے نگران کابینہ ارکان سے حلف لیا۔

نگران کابینہ کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہوئی، صدر مملکت عارف حلوی نے 16 وفاقی وزراء سے حلف لیا بعد میں وفاقی کابینہ ارکان کے قلم دانوں کا اعلان بھی کر دیا گیا، جلیل عباس جیلانی وزیر خارجہ، مرتضی سولنگی وزیر اطلاعات، سرفراز بگٹی وزیر داخلہ و  سمندر پار پاکستانی اور انسداد منشیات مقرر،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر دفاع اور دفاعی پیداوار کے وزیر مقرر، احمد عرفان اسلم قانون و انصاف،  قدرتی وسائل موسمیاتی تبدیلی اور آبی وسائل کے وزیر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین کے جہاز میں اہم شخصیت سوار، تمام سیاسی جماعتیں دنگ رہ گئیں

محمد علی پاور ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن کے وزیر ہوں گے،شمشاد اختر کے پاس خزانہ، محصولات، اقتصادی امور، شماریات اور نجکاری کے قلمدان ہوں گے،گوہر اعجاز تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت اور پیداوار کے وفاقی وزیر بن گئے، ڈاکٹر عمر سیف کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے قلمدان دئیے گئے ہیں، سمیع سعید منصوبہ بندی اور ترقی کے وفاقی وزیر ہوں گے۔

جمال شاہ کے پاس قومی ورثہ اور ثقافت کا قلمدان ہوگا، مدد علی سندھی کو وفاقی تعلیم، قومی ہم آہنگی اور امور نوجوانان کا وفاقی وزیر مقرر کیا گیا ہے، ڈاکٹر ندیم جان کو قومی صحت، خلیل جارج کو انسانی حقوق اور وومن ایمپاورمنٹ کا قلمدان دیا گیا ہے، انیق احمد کے پاس مذہبی امور، بین المذاہب ہم آہنگی کے قلمدان ہوں گے، شاہد اشرف تارڑ وفاقی وزیر مواصلات، ریلوے، پوسٹل سروسز بندرگاہیں اور بحری امور ہوں گے۔

ایئر مارشل ریٹائرڈ فرحت حسین کو مشیر برائے ہوا بازی، احد چیمہ کو مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ جبکہ وقار مسعود خان کو مشیر برائے خزانہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ ائیر مارشل ریٹائرڈ فرحت حسین اور احد چیمہ کا عہدہ وفاقی وزیر جبکہ وقار مسعود کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔

وزیراعظم کے 6 معاونین خصوصی بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ مشعال حسین ملک معاون خصوصی برائے انسانی حقوق اور وومن ایمپاورمنٹ، جواد سہراب ملک معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی، وائس ایڈمرل ریٹائرڈ افتخار راؤ بحری امور کے معاون خصوصی ہوں گے۔ وصی شاہ معاون خصوصی برائے سیاحت، ڈاکٹر جہانزیب خان معاون خصوصی برائے ایس آئی ایف سی، سیدہ عارفہ زہرا کو معاون خصوصی برائے تعلیم اور قومی ہم آہنگی مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر خارجہ کون؟ کتنی زبانوں پر مہارت حاصل؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

10 وزارتیں اور ادارے نگران وزیراعظم کے تحت رہیں گے۔ وزیراعظم کے پاس کابینہ ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، قومی سلامتی ڈویژن ہوں گے۔ بین الصوبائی رابطہ، ہاؤسنگ و تعمیرات، تحفظ خوراک، زراعت، سیفران کی وزارتیں بھی نگران وزیراعظم کے پاس ہوں گی۔

مزیدخبریں