بجلی کے بلوں پر ریلیف نواز شریف کا پنجاب کے عوام کو تحفہ ہے: عظمیٰ بخاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں باقی صوبوں کی نسبت مہنگائی قدرے کم ہے، بجلی کے بلوں پر ریلیف نواز شریف کا پنجاب کے عوام کو تحفہ ہے,جَلد پنجاب میں سولر پینل، اپنا گھر اپنی چھت منصوبہ شروع کر رہے ہیں، یہ سب نواز شریف کی لیڈر شپ اور رہنمائی کی بدولت ممکن ہو رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی مریم نواز کی بہترین کارکردگی پر شاباش خوش آئند ہے، پاکستان کے دو وزرائے اعظم مریم نواز کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دے رہے ہیں، یہ مریم نواز کے لیے فخر اور بڑے اعزاز کی بات ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ نے چند ماہ میں پنجاب میں جو کارنامے انجام دیے وہ تاریخی ہیں، مریم نواز نے عوام کو صحت سہولتیں مفت مہیا کر کے ریکارڈ قائم کیا، روٹی کی قیمت میں کمی مریم نواز کی بہترین حکمت عملی اور ہوم ورک کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس مریم نواز کا انسانیت دوست اقدام ہے۔
وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز 25 ہزار طلبہ کو اسکالرشپ دینے کی منظوری بھی دے چکی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پانچ سال بعد دوبارہ 2018ء والا پنجاب بنے گا، 2018ء سے 2022ء تک پنجاب پنکی، گوگی اور بزدار گینگ کے حوالے رہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس گینگ نے پنجاب کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا، علی امین گنڈاپور کی کابینہ کے لوگ ان کی کرپشن کی داستانیں بے نقاب کر رہے ہیں۔