پنجاب بجلی کے بلوں میں ریلیف دے سکتا ہے تو حکومت سندھ کیوں نہیں، حافظ نعیم

Aug 17, 2024 | 16:34:PM
پنجاب بجلی کے بلوں میں ریلیف دے سکتا ہے تو حکومت سندھ کیوں نہیں، حافظ نعیم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف سے مہنگائی میں کمی اور بجلی ٹیرف میں تبدیلیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب بجلی میں عوام کو ریلیف دے سکتا ہے تو سندھ حکومت کیوں نہیں دے سکتی۔

امیر جماعت اسلامی نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا،نوازشریف نے صرف 2ماہ کے لیے پنجاب میں بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کا نظام کراچی سے جمع ہونے والے ٹیکس سے چلتا ہے، پاکستان میں 50 فیصد سے زائد ٹیکس کراچی دیتا ہے، یہاں بجلی کے پیسے کیوں کم نہیں ہوسکتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سندھ حکومت کا 3 ہزار کا بجٹ ہے، 1895 ارب وفاق سے ملتے ہیں لیکن سندھ حکومت ریلیف دینے کے لیے بالکل تیار نہیں ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک مافیا مہنگی بجلی بناتا ہے، کےالیکٹرک کو درمیان سے نکال کر کراچی کو پوری بجلی دی جاسکتی ہے، مہنگی بجلی اور ٹیکسز سےکوئی طبقہ خوش نہیں ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعظم شہباز شریف سے مہنگائی میں کمی اور ٹیرف میں تبدیلیاں کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجر اور تنخوادار طبقہ سب ہی پریشان ہیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے، آئی پی پیز کی کیپسٹی پیمنٹس قوم ادا نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، حکومتی پارٹیوں نے پاکستان کابیرا غرق کردیا، ہمارے ٹیکسوں کے پیسوں سے اربوں کے اشتہارات دیے جاتے ہیں، لوگ ایل پی جی لینے پر مجبور ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔