پنجاب میں بجلی کی قیمت میں کمی ،مصطفیٰ کمال اور مریم نواز آمنے سامنے آگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )پنجاب میں بجلی کی قیمت میں کمی پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان تلخیاں بڑھنے لگیں،سوشل میڈیا پر مریم نواز اور مصطفیٰ کمال آمنے سامنے آ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال کی جانب سے پورے ملک میں بجلی کی قیمت یکساں کم کرنے کے مطالبے پر مریم نواز نے ٹوئٹ کیا تھا کہ پیارے مصطفیٰ بھائی پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں عوام کے لیے پیسے دیکر لیا ہے ، پنجاب نے اس ریلیف کے لیے اپنے بجٹ سے 45 ارب ادا کیے ہیں ،مجھے خوشی ہوگی آپ سندھ حکومت سے بات کریں اور اپنے عوام کو ریلیف فراہم کریں ۔
جس پر اب مصطفیٰ کمال نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے جواب دیا ہے کہ پیاری مریم بی بی آپ کے قیمتی مشورے کا شکریہ، اگر ہماری سندھ حکومت کا حسن اخلاق اور برتاؤ اچھا ہوتا تو کبھی لاہور آکر الیکشن سے قبل آپ کی پارٹی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان نہ کرتے ،میں نے آج اپنی پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت سے وزیر اعظم پاکستان سے درخواست کی ، خدارا سندھ بالخصوص کراچی پر رحم کریں اور ہمیں بھی پاکستان میں برابر کا شہری سمجھ کر جینے کا حق دیں ، پچھلے کئی ماہ میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے متعدد ملاقاتیں ہوئیں ، وزیراعظم نے سندھ بالخصوص کراچی، حیدراباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے رہنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا ، ہم صرف انہی وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں ۔