ارشد ندیم کی اہلیہ نے ان کا فائنل میچ کیوں نہیں دیکھا ؟

Aug 17, 2024 | 20:56:PM

 (24نیوز)  پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے  قومی ہیروارشد ندیم نے کہا ہےکہ ان کی اہلیہ نے جیولین تھرو کا فائنل مقابلہ نہیں دیکھا کیوں کہ وہ دعا کررہی تھیں۔

 پاکستان کیلئے اولمپکس میں 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم ان دنوں میڈیا کی توجہ مرکز بنا ہوا ہے ، ہر آئے دن کے ساتھ کے متعلق کوئی نہ کوئی نئی خبر سامنے آجاتی ہے ،حال ہی میں ارشد ندیم نے ایک انٹریو میں اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات چیت کی ہے جو خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ 

قومی ہیرو ارشد ندیم نے اپنی شادی سے متعلق بتایاہے  کہ ان کی شادی 2016 میں ان کی  بھابھی کی سب سے چھوٹی بہن سے ہوئی، شادی بھائی کی شادی کے ڈیڑھ سال بعد  ہوئی، اس دوران اہلیہ سے اچھی انڈرسٹینڈنگ ہوگئی تھی، ارشد ندیم نے بتایا کہ میں غصے کے وقت خاموش ہوجاتا ہوں اور ہمیشہ مجھے اہلیہ ہی مناتی ہیں لیکن  اہلیہ کو میں غصہ آنے ہی نہیں دیتا،گولڈ میڈل کی  کامیابی کیلئے اہلیہ سے متعلق ارشد  نے بتایا کہ  ماں باپ تو اپنی اولاد کیلئے دعا کرتے ہی ہے لیکن  ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے، اہلیہ  نے میرا فائنل کا مقابلہ نہیں دیکھا، یہ اس وقت بھی  اللہ سے دعائیں مانگ رہی تھیں، مقابلے سے قبل رات کو کسی بھی وقت اہلیہ کو فون کرتا تو وہ جاگ رہی ہوتی تھیں، رات کے3 بجے فون کرتا تو تہجد پڑھ رہی ہوتی۔

 ارشد ندیم کی اہلیہ نے بتایا کہ مقابلے سے قبل  میں 3 دن تک نہیں سوپائی تھی اور نہ کچھ کھا پی رہی تھی، ارشد مجھ سے کہتے رہے انشااللہ میڈل ہمارا ہے، میں سوجاؤں  طبیعت خراب ہوجائے گی لیکن میں نہیں سوسکی، اللہ سے رو رو کر دعائیں مانگتی رہی کیوں کہ ارشد انجری کی وجہ سے پریشان تھے ، میں نے انہیں ہمت دی اور پھر  اللہ سے دعا کی، مجھے  پوری امید تھی کہ ارشدنےگولڈ میڈل لے کر آنا ہے، انہیں کہا تھا کہ پہلی تھرو میں ہی آپ فائنل میں پہنچ جائیں گے اور وہی ہوا۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ ارشد کا فائنل تھا تب بھی میں نے ٹی وی نہیں دیکھا، اس وقت بھی  قرآن پاک میرے ہاتھ میں تھا اور اس دوران  دل بہت  گھبرا رہا تھا، جیتنے کے بعد مجھے  کالز آئی تو خوف سے ریسیو نہیں کی، تب بیٹی نے کہا ماما اٹھائیں انشااللہ خوشخبری کی کال ہوگی پھر بھی نہیں اٹھائی، تب چھوٹے دیور نےبتایاکہ مبارک ہو! جس پر میں پھوٹ پھوٹ کر رودی اور شکرانے کے نفل ادا کیے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر پنجاب نے بھی ارشد ندیم کو 20 لاکھ اور گاڑی کا تحفہ دیدیا

مزیدخبریں