امریکہ کی بلاجواز پابندیاں خود مختاری پر حملہ، طیب اردوان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ترکی کے صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ امریکہ کی پابندیاں خود مختاری پر حملہ ہیں، ایسے فیصلوں سے ہماری ترقی نہیں رکے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایک افتتاحی تقریب کے موقع پر امریکی پابندیوں کے اعلان کے حوالے سے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ روس سے ایس 400 میزائلز کی خریداری محض بہانا ہے۔امریکہ نے دراصل دفاعی شعبے میں ترکی کی ترقی روکنے کے لئے یہ اقدام کیا۔امریکہ دفاعی ساز و سامان کے لئے ترکی کا امریکہ پر انحصار کم نہیں ہونے دینا چاہتا اور اس لئےروس سے دفاعی سودے پر بلاجواز پابندیاں عائد کی گئیں۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق طیب اردوان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ترکی پر پابندیوں کے لیے 2017 میں بنائے گئے اپنے ایک ایسے قانون کا استعمال کیا ہے جو اس سے پہلے کبھی کسی نیٹو اتحادی کے خلاف استعمال نہیں کیا گیا، ایسے حالات میں ہمارے نیٹو اتحادی ہونے کے کیا معنی رہ جاتے ہیں۔
ترکی کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کا مقصد ترکی کی دفاعی ترکی روک کر اسے اپنا دست نگر بنانا ہے ، امریکہ کا یہ فیصلہ ترکی کی خود مختاری پر حملہ ہے۔ ترکی اب اس مقام پر پہنچ چکا ہے کہ ایسی پابندیاں اس کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ اب ہم اپنی دفاعی صنعت کی ترقی کے لیے دگنا کام کریں گے۔یاد رہے کہ امریکہ نے ترکی کی دفاعی سودے کرنے والے ادارے پر اقتصادی اور سفری پابندیاں لگا دی تھیں۔