(24نیوز)کورونا کی دوسری لہر کی شدت میں کمی نہ آسکی،پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6 عشاریہ 3 فیصد تک پہنچ گئی۔
این سی اوسی کے مطابق ملک بھرمیں کوروناکےسب سےزیادہ مثبت کیس کراچی میں ریکارڈ ہوئے جہاں 16.59 فیصد لوگ مہلک وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔13اعشاریہ 34 فیصد کے ساتھ پشاور کاکوروناکےمثبت کیسزمیں دوسرانمبر جبکہ میرپور 9.40 فیصد مثبت کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پرآگیا ہے، آزاد جموں وکشمیر میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 11 عشاریہ 4 فیصد ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعدادو شمار کے مطابق صوبوں میں بلوچستان میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 14.2 فیصد ہے ،سندھ میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 10 عشاریہ 6 فیصد ہے ، خیبرپختونخوا میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 8 عشاریہ 1 فیصد ہے،جبکہ ملک بھر میں کورونا کے 2ہزار505 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔