(24 نیوز)نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، بابر اعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی البتہ بابراعظم کی عدم موجودگی نئے کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔15 رکنی سکواڈ میں جن کھلاڑیوں کےناموں کا اعلان کیا گیا ان میں کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، سرفراز احمد، محمد حفیظ، فہیم اشرف، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حسنین ، شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت، وہاب ریاض اور محمد رضوان کو شامل کیا گیا۔
شاداب خان نے کہا کہ میں بھی بابراعظم کی طرح جارحانہ کپتانی کرنے کا عادی ہوں، ایڈن پارک میں کھیلنے کا تجربہ ہے، یہاں باؤنڈریز چھوٹی ہیں، تماشائیوں کی موجودگی میں دوبارہ کھیلنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہ کرونا اور کنکشن کے قوانین کی وجہ سے ہمیں 17 رکنی سکواڈ ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، ضرورت پڑنے پر موسی خان اور عثمان قادر کواستعمال کرسکتے ہیں۔