نئے متنازعہ زرعی قوا نین کی حمایت پرسنی دیول کی سکیورٹی میں اضافہ

Dec 17, 2020 | 19:51:PM

(24نیوز) بھارت کے مشہور اداکا ر،بھارتیہ جنتاپارٹی کے رکن اسمبلی سنی دیول کی سکیو رٹی میں اچا نک ایک ٹو یٹ کے بعد اضافہ کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں اپنی مرکزی حکومت کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائے گئے نئے متنازع زرعی قوانین کی حمایت کی تھی۔
 تفصیلات کے مطا بق سنی دیول کاکہنا تھاکہ یہ معاملہ کسانوں اور حکومت کے درمیان حل ہورہا ہے، اس میں کسی کو مداخلت کی ضرورت نہیں، تاہم کچھ لوگ اس معاملے کو خراب کرنے اور بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے لوگوں کو کسانوں سے کوئی دلچسپی نہیں بلکہ وہ اپنے ایجنڈے پرکام کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ نئے زرعی قوانین کے خلاف پورے بھارت کے کسان سراپا احتجاج ہیں اور یہ احتجاج زیادہ تر ہریانہ اور بھارتی پنجاب میں ہورہا ہے۔سنی دیول بھارتی پنجاب کے شہرگورداس پور سے گذشتہ الیکشن میں بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول کے بیان کے بعد ان کی سیکیورٹی 'y' کیٹیگری کردی گئی ہے جس کا مطلب ہے کہ اب ہر وقت ان کے ساتھ 2 کمانڈوز سمیت 11پولیس اہلکار ہوں گے۔

مزیدخبریں