(24 نیوز)مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوادیں، انڈے 220 روپے درجن تک پہنچ گئے، سبزیوں اور پھلوں کا سرکاری نرخ نامہ مذاق بن گیا، ادرک 720 کی بجائے ایک ہزار روپے کلو، آلو چھیالیس کی بجائے پینسٹھ روپے کلو فروخت ہوا، پھلوں کے بھی من مانے دام وصول کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی کا جن قابو میں نہیں آ رہا،انڈے سرکاری کاغذوں میں 195 روپے درجن ہیں جبکہ دکانوں پر 220 روپے وصول کئے جا رہے ہیں، دیسی انڈوں کی قیمت 400 روپے درجن تک پہنچ گئی ہے۔سبزیوں اور پھلوں پر بھی عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہ ملا، ادرک کی سرکاری قیمت 720 روپے کلو ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت ایک ہزار روپے تک وصول کی گئی، سیب پانچ روپے کلو مہنگا ہو گیا، سنگترہ، مسمی اور مالٹے کے من مانے دام وصول کئے گئے۔
دوسری طرف سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد نہ کرانے والے افسران کےخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیر صنعت کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کے زیادہ تر ذمہ دار مارکیٹوں میں جاتے ہی نہیں، آٹا، چینی سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس صرف دفاتر میں بیٹھ کر رکھا جارہا ہے، اسی لیے عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں مل رہا۔
مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، انڈے220 روپے درجن
Dec 17, 2020 | 22:44:PM