ملکی سیاست میں ہلچل: چودھری سالک حسین نے بڑا بیان دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) رہنما مسلم لیگ (ق) و وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی اور مونس، عمران خان سے وزارت اعلیٰ کی بھیک مانگ رہے ہیں، انکی تگ ودو وزارت اعلیٰ بچانے کےلئے ہے، روز زمان پارک جاکر منتیں کرتے ہیں، دوسری جانب عمران ان سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، مونس ہمارے گھر پی ٹی آئی ارکان کو بلا کر عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کا کہتے تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے چودھری سالک حسین نے کہا کہ اسمبلیاں کوئی نہیں توڑ رہا ہے سب وقت ضائع کر رہے ہیں، پرویز الہٰی کی کوشش ہے اگلے انتخابات کے لئے ان کے پاس کوئی جگہ آ جائے، پنجاب حکومت کو بچانے کےلئے ہماری کوئی ضرورت نہیں کیونکہ حکومت میں موجود لوگ خود اسمبلی توڑنا نہیں چاہ رہے، پرویز الہٰی نے خاندان کے دو حصے کر دیئے، تحریک انصاف اور پرویز الہیٰ کے اتحاد میں پہلے دن سے مشکلات نظر آرہی تھیں، آج بھی دونوں کو ایک دوسرے پر کوئی اعتماد نہیں۔
چودھری سالک نے کہا کہ پرویز الہیٰ کی جانب سے دوبارہ ساتھ دینے کی باتیں صرف قیاس آرائیاں ہیں اگر بات ہوئی بھی تو پہلے انہیں ماضی کی گئیں غلطیوں کا ازالہ کرنا ہوگا، موجودہ حکومت وقت پر عام انتخابات کرائے گی اور عوام کو اگلے سال فروری مارچ میں بڑا ریلیف ملے گا،تیل سمیت اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوگی جبکہ موجودہ حکومت کی کارکردگی بہت بہتر جا رہی ہے، ہم نے ہمیشہ خاندان کو یکجا رکھنے کی کوشش کی ہے۔