پرویز الہٰی حکومت کو گھر بھیجنے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن نے وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور اسپیکر سبطین خان  کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا

Dec 17, 2022 | 14:45:PM
24 نیوز, پی ٹی آئی, حقیقی آزادی مارچ, فائرنگ, عمران خان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عمر اسلم )وزیر اعلیٰ پنجاب اسمبلی توڑیں یا نہ توڑیں ،مسلم لیگ ن نے وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور اسپیکر سبطین خان  کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔


ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لئے حکمت عملی بنا لی،اس حوالے سے  مسلم لیگ ن کے 106 ارکان پنجاب اسمبلی رانا مشہود کے گھر اکٹھے ہوئے، لیگی ارکان نے رانا مشہود کے گھر عدم اعتماد کی تحریک پر دستخط کر دیے ہیں۔ن لیگ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر کے خلاف تحریک اعتماد آج ہی جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں :وزیراعلیٰ سے تلخ کلامی ،صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک مستعفی

 پارٹی ذرائع کے مطابق لیگی قیادت نے وزیراعلٰی اور سپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحاریک جمع کرانے کا گرین سگنل دے دیا،پاکستان مسلم لیگ ن کے اراکین پنجاب اسمبلی کو سابق صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کے دفتر میں اکٹھے ہونے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ایک بیا ن میں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ چوہدر ی پرویز الٰہی کے پاس اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار ہے تو میرے پاس انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنے کا اختیار ہے۔

واضح رہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل  کے معاملے پر پنجاب کابینہ میں بھی اختلاف پیدا ہوچکا ہے،چوھدری  پرویز الٰہی سے تلخ کلامی کے بعد  صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہےکہ کابینہ اجلاس میں ایک ہی وقت میں متعدد وزرا بات کرنا چاہتے تھے مگر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں ڈسپلن کےساتھ کابینہ اجلاس چلاؤں گا، ایک وقت میں ایک ہی وزیر بات کرسکتا ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت کے باوجود سردار حسنین بہادر نے  گفتگو جاری رکھی۔ وزیراعلیٰ نے اجازت کے بغیر گفتگو سے روکا تو صوبائی وزیر غصے میں آگئے اور استعفے کی دھمی دے کر اجلاس سے چلے گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک پہنچ گئے

 دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قیادت کا اجلاس جاری ہے۔عمران خان کی زمان پارک والی رہائشگاہ پر جاری اجلاس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، پرویز خٹک، شبلی فراز علی امین گنڈا پور اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی زمان پارک پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے حتمی تاریخ پر مشاورت جاری ہے، اس کے علاوہ اجلاس میں آج کے جلسے کی تقریر اور سیاسی و معاشی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔


یاد رہے کہ عمران خان نے آج اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے۔