(ویب ڈیسک)انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 304 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عبد اللہ شفیق 8 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ 46 کے مجموعے پر شان مسعود بھی 30 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔کھانے کے وقفے سے قبل آخری اوور میں اظہر علی اولی رابنسن کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
سعود شکیل 23 رنز بنا کر ریحان احمد کا شکار بنے جبکہ محمد رضوان 19 رنز بنا کر جو روٹ کی فل ٹاس گیند پر بین اسٹوکس کو کیچ دے بیٹھے، بابر اعظم 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ فہیم اشرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔آغا سلمان اور نعمان علی نے انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی لیکن 20 رنز بنا کر نعمان علی بین اسٹوکس کا شکار بنے۔نعمان کے بعد آغا سلمان بھی 56 اور ابرار 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اور یوں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔