بولنگ چلی نہ بلا،پرتھ ٹیسٹ میں پاکستان کو شرمناک شکست

Dec 17, 2023 | 11:02:AM

(ویب ڈیسک)بولنگ چلی نہ بلا،بولرز بری طرح ناکام تو بلے باز بھی کوئی کمال نہ دکھا سکے،پرتھ ٹیسٹ میں قومی ٹیم کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا،شاہین شاہ آفریدی میچ میں صرف دووکٹیں حاصل کرسکے،فہیم اشرف بھی کوئی قابل قدر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے،صرف ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،،قومی بیٹنگ لائن بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی،صرف تین بلے باز ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔پرتھ میں ہونے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے دی۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔جواب میں قومی ٹیم 89 رنز ہی بنا سکی اور تمام ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز 2 وکٹ کے نقصان پر 84 رنز سے کیا,آسٹریلوی بیٹر اسٹیون اسمتھ 43 اور عثمان خواجہ نے 34 رنز کے ساتھ دوبارہ کھیلنا شروع کیا تو کچھ ہی دیر میں فاسٹ بولر خرم شہزاد نے 87 رنز پر پاکستان کے لیے تیسری وکٹ حاصل کی,خرم شہزاد نے 45 رنز پر اسٹیون اسمتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا،آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 107 رنز پر گری جب ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے, عثمان خواجہ 90 رنز پر فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

برتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم نے اپنی نامکمل پہلی اننگ کا آغاز 2 وکٹ پر 132 رنز سے کیا،دن کے آغاز پر خرم شہزاد کو 7 رنز پر پیٹ کمنز نے بولڈ کیا، جب کہ بابر اعظم کو 21 رنز پر مچیل مارش نے پویلین لوٹایا,امام الحق کو 62 رنز پر نیتھن لائن نے، سرفراز احمد کو 3 رنز پر مچیل اسٹارک نے جب کہ سعود شکیل 28 رنز پر جوش ہیزل ووڈ اور فہیم اشرف9 رنز پر پیٹ کمنز کا شکار بنے ، عامر جمال کو 10 رنز پر نیتھن لائن نے آؤٹ کیا,شاہین شاہ آفریدی چار رنز پر ٹریوس ہیڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

گزشتہ روز دوسرے دن کے اختتام پر امام الحق 38 اور خرم شہزاد 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے،ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم کے 487 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے کیا تھا, دونوں بیٹرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا اسکور 36.2 اوورز میں 74 رنز تک پہنچایا جس کے بعد عبداللّٰہ شفیق 42 رنز پر اسپن بولر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 49.3 اوورز میں 123 رنز پر گری، کپتان شان مسعود 30 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہو رمیں تجاوزات کے خاتمے کیلئے سخت کریک ڈاؤن، 48 گھنٹے کی مہلت دیدی

 پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے شاندار اور جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 211 گیندوں پر 164 رنز بنائے اور اس اننگز میں 4 چھکے اور 16چوکے شامل تھے,اس کے علاوہ عثمان خواجہ نے 41، مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے,پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ لی۔

مزیدخبریں