لطیف کھوسہ نے پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کرلیں،پی ٹی آئی میں شامل

Dec 17, 2023 | 15:21:PM
لطیف کھوسہ نے پیپلز پارٹی سے راہیں جدا کرلیں،پی ٹی آئی میں شامل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پیپلز پارٹی کی بڑی وکٹ اڑ گئی ۔سینئر  وکیل سردار لطیف کھوسہ نے پاکستان پیپلز  پارٹی سے برسوں پرانی رفاقتیں ختم کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔

 سردار لطیف کھوسہ نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی خواہش پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں، صرف ملک اور جمہوریت کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے۔سچ کی آواز شدت سے بلند کرنے کیلئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

 ضرورپڑھیں:عمران خان ہٹ دھرم،کسی کی بات نہیں سنتے صرف اپنی چلاتے،پرویز خٹک
ان کا کہنا تھا پاکستان کیلئے محبت، امن اور بھائی چارے کے سفر کے آغاز کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان کے عوام ہی کو مقتدر کرنا آئین کی منتہا ہے، امید ہے نفرتوں کی سیاست ختم ہو گی۔یہ ادارے ہمارے ادارے ہیں، یہ فوج ہماری فوج ہے، آئین میں تمام اداروں کی حدودو قیود متعین ہیں، آئین میں درج ہے کہ فوج سرحدوں کی محافظ ہے اور عوام کے ٹیکسز سے ان کو تنخواہیں ملتی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ججز کے فرائض میں ہے کہ وہ انصاف فراہم کریں، قانون پر عملداری، آئین کی پاسداری کرنے والا امر ہو جاتا ہے، توقع کرتے ہیں کہ آج عدلیہ برابر کا انصاف کرے گی، 25 کروڑ عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے عمران خان کی وکالت کرنے پر لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، لطیف کھوسہ کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر پیپلز پارٹی نے ان کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی۔