(ویب ڈیسک)بھارتی ریاست ہریانہ میں ایک سفاک دل بیٹے نے اپنی ہی ماں کا بے دردی سے قتل کرکے لاش سوٹ کیس میں ڈال کر پھینک دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع حصار میں پیش آیا جہاں ایک بیٹے نے اپنی ماں سے 5 ہزار بھارتی روپے مانگے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ماں نے بیٹے کو 5 ہزار روپے دینے سے انکار کیا جس پر تلخ کلامی بھی ہوئی اور معاملہ اس قدر بڑھ گیا کہ بیٹے نے ماں کا گلہ دبا کر قتل کر دیا اور پھر لاش کو چھپانے کیلئے اسے سوٹ کیس میں ڈال دیا, پولیس کے مطابق بیٹے نے سوٹ کیس لیا اور ٹرین میں بیٹھ کر دوسری ریاست آندھرا پردیش کے علاقے سنگم میں پھینک دیا۔
پولیس نے بتایا کہ معمول کے مطابق دوران گشت پولیس نے ایک سوٹ کیس کو پایا جسے کھول کر دیکھا تو اس میں ایک خاتون کی لاش موجود تھی۔
پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا گیا اور موت کی وجہ جاننے کے بعد کارروائی کی گئی اور حصار کی پولیس کو آگاہ کیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے خاتون کے شوہر اور بیٹی کو بھی اطلاع دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت بیٹا جاں بحق
پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون کی شناخت پرتیما دیوی کے نام سے ہوئی جو کاٹن کی فیکٹری میں کام کرتی تھی جبکہ بیٹے کی شناخت ہمانشو کے نام سے ہوئی جس کی عمر 21 سال ہے۔
پولیس کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہمانشو کیخلاف مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتارکرلیا جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔