ن لیگ نے جن مسائل سے ملک کو نکالا وہ دوبارہ پیدا کردیے گئے، رانا ثناء اللہ

Dec 17, 2023 | 18:33:PM

(24 نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 2013ء میں ملک کو لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی جیسے مسائل کا سامنا تھا جس سے ن لیگ نے ملک کو نکالا لیکن یہ مسائل ناقص پالیسیوں کے ذریعے پھر پیدا کیے گئے۔

رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 108 اور 109 میں بسنے والے مسیحی بھائیوں کا شکرگزار ہوں، الیکشن شیڈول کا اعلان ہوئے ایک دن ہوا ہے، اس تقریب کا انتظام کرکے یہاں کے لوگوں نے ہماری انتخابی مہم کا افتتاح کیا ہے، اللہ ہمیں اس حلقے سے مکمل کامیابی دے گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 2018ء میں حالات مشکل تھے، بہت ساری قوتیں مسلم لیگ ن کا راستہ روک رہی تھیں، ہم نے 2018ء میں بھی اس حلقے سے اکثریت حاصل کی تھی، 2018ء میں بھی یہاں سے مسیحی برادری نے ساتھ دیا تھا، یہاں میں نے وعدہ کیا تھا ایک ایک مسئلے کو حل کریں گے۔

مسلم لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ 2012ء اور13ء میں لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کے ہاتھوں ملک گھرا ہواتھا، ایک دن میں دو دو، تین تین دھماکے ہوتے تھے، ہم نے اس وقت بھی عوام سے کہا تھا ہمارے اوپر اعتماد کریں مسائل سے نجات دلائیں گے، اب بھی لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہے یہ بہت مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 300 یونٹ تک بجلی مفت ہوگی، عوام بجلی بچائیں گے بل حکومت دے گی، عبدالعلیم خان

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دکھایا، ہمارے دور میں پٹرول 65 روپے لٹر تھا، سی پیک نے ایک طرف کی دنیا کو دوسری طرف کی دنیا سے ملا دینا تھا، اب ایک ارب ڈالر کیلئے سال سال آئی ایم ایف کی منتیں کرنی پڑتی ہیں، ملک ڈیفالٹ کر رہا تھا، آئی ایم ایف کا معاہدہ ناممکن تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو ناک سے لکیریں نکالنا پڑیں پھر جاکر آئی ایم ایف معاہدہ ہوا، 2020ء تک سی پیک منصوبہ مکمل ہونے جارہا تھا، 2017ء میں ایک سازش ہوئی اور مسلم لیگ ن کو روکا گیا، میاں نوازشریف کی حکومت ختم کی گئی، وزیراعظم ہاؤس سے نکالا گیا، سازش کے نتیجے میں جس کو لایا گیا اس نے معیشت کا بیڑا غرق کیا۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ہمارا جیلوں تک پیچھا کیا گیا، اللہ نے اس شخص کو بری نیت اور برے اعمال کی وجہ سے جیل تک پہنچایا ہے، اب اس شخص کو جیل میں جم دستیاب ہے، اس شخص کو جیل میں دیسی مرغ بنا کر دیا جاتا ہے، ہم نے آدھی زبان سے بھی نہیں کہا کہ اس کی سہولیات ختم کی جائیں۔

ن لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ اس کا عمل یہ تھا کہ اس نے جیلوں تک ہمارا پیچھا کیا، امریکا میں جاکر کہتا تھا مجھے پتہ چلا ہے ڈاکٹروں نے نوازشریف کے سیل میں اے سی لگا دیا ہے، اس ملک نے بدحال ہی ہونا تھا، اس ملک کی ترقی 2017ء میں نظر آرہی تھی۔

مزیدخبریں