ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

افغانستان سے آنیوالی ہواؤں سے سردی میں مزید اضافہ، اسلام آباد کا درجہ حرارت صفر جبکہ کراچی کا پارہ 10 ریکارڈ

Dec 17, 2024 | 09:09:AM

(24 نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

افغانستان سے آنے والی سرد ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی صورتحال برقرار ہے، پاک ایران اورپاک افغان سرحدی علاقوں میں سرد ہواؤں نے نظام زندگی کو مفلوج کردیا ہے۔

 محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اورپہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا،اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

  وادی زیارت، شیلابا غ ، خواجہ عمران رینج میں درجہ حرارت منفی 10،  چمن، قلعہ عبداللہ،  پشین، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی میں منفی 6، اسکردو منفی 7، گلگت  اور استور منفی 6 ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ اسلام آباد  میں صفر،کوئٹہ 1، پشاور 2، مظفر آباد 4، لاہور، ملتان 5  اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم میدانی اضلاع میں جھکڑ/ تیز ہوا ئیں چلنے کی توقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح کے اوقات میں سکھر، شکارپور، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں ہلکی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں :  ڈیرن سیمی ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ مقرر

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، سوات اور کرم میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کشمیر میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں