شانگلہ: پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)شانگلہ کے علاقے چکیسر میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی گنانگر پر حملہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید اور محرر سمیت 2 زخمی ہوئے ہیں۔
حملے کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع شانگلہ کی تحصیل چکسر میں واقع گنا نگر پولیس چوکی پر عسکریت پسندوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور ہینڈ گرنیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل نثار احمد اور اے ایس آئی حسن خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں کی شناخت محمد حسین، ارشد خان اور رفعت کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حملے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
جاں بحق اور زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
محسن نقوی نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے حملے میں شدید زخمی ہونے والے تین پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کے پی پولیس کے اہلکاروں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے قوم کے لیے گراں قدر قربانیاں دیں۔
نقوی نے کہا کہ کے پی پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کے پی کے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کیا جنہوں نے حملے کے دوران بہادری سے مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا۔
شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی حسن خان اور سپاہی نثار خان شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں کو بٹ گرام ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔