ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی اورپولیس کی کارروائی،2 خوارجی ہلاک

دہشت گرد پنجاب کے تھانوں اور دیگر حساس مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے، ترجمان پنجاب پولیس

Dec 17, 2024 | 15:30:PM

(عابدچوہدری)دہشت گردوں نے ڈی جی خان میں تھانہ وہوا کے علاقےمیں سی ٹی ڈی اور پولیس پر حملہ کردیا،جوابی کارروائی میں 2 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس پرراکٹ،ہینڈ گرنیڈ اور بھاری اسلحے سے حملہ کیا،جوابی آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں سےبھاری مقدار میں جدیداسلحہ برآمد کیا گیا۔

کاؤنٹرٹیرراِزم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) اور ڈیرہ غازی خان پولیس نے مشترکہ کارروائی میں خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تھانہ وہوا کے علاقے کوٹانی تال میں دہشت گردوں نے پولیس پر ہینڈ گرنیڈ اور بھاری اسلحے سے حملہ کیا،سی ٹی ڈی اور ڈی جی خان پولیس ٹیموں کی جوابی کارروائی میں 2 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف نے پی آئی اے نجکاری کے حوالے سے بڑا مطالبہ مان لیا

پنجاب پولیس کے ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر کے قریب دہشتگردوں کی نقل و حرکت کے پیش نظر پولیس ہائی الرٹ تھی،خوارجی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل کمانڈ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی،دہشت گرد پنجاب کے تھانوں اورحساس مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے،دہشتگردوں کی اطلاع ملتے ہی  ایس ایچ او وہوا،پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے دہشت گردوں کا تعاقب کیا۔

پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو دیکھتے ہی دہشت گرد راکٹ، گرنیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ سے حملہ آور ہوئے ان کی شدید فائرنگ کے باوجود پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی،اس دوران ایلیٹ فورس سمیت بیک اپ ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں اور دہشتگردوں کو پسپائی کا موقع نہ دیا، مقابلے کے دوران 2 خوارجی دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک کر دیئے گئے،دہشت گردوں سے راکٹ لانچرز،ہینڈ گرنیڈ اور دیگر جدید اسلحہ برآمد ہوا۔ 

پولیس،سی ٹی ڈی اور ایلیٹ ٹیموں نے سرحدی علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن شروع کردیا ہے۔

مزیدخبریں