پی ٹی آئی نے اموات کا جھوٹا بیانیہ بنایا،ہمارے خیر سگالی پیغام کو کمزروی سمجھا گیا،عطا تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اموات کا جھوٹا بیانیہ بنایا،ہمارے خیر سگالی کا پیغام کو کمزروی سمجھا گیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے مصنوعی ذہانت سے اسلام آباد کی سڑک کو خون میں لت پت دکھایا اگر ان کا بیانیہ سچ پر مبنی تھا تو پوری پارٹی ایک بات کرتی، ہم نے خیر سگالی کا پیغام دیا، ہماری دانشمندی اورکاوش کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملتان میں قاسم باغ کے جلسے میں بھگدڑ مچنے سے پی ٹی آئی کے 8 سے 10 کارکن جاں بحق ہوئے، کیا یہ ان کے گھر تعزیت کے لیے گئے، کنٹینر سے روزانہ گالم گلوچ کی سیاست کی جاتی تھی، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی روایت بھی بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے رکھی، نواز شریف نے ملک میں ٹرین مارچ بھی کیا، بڑے جلسے بھی کئے لیکن کبھی کسی کو تو کر کے نہیں بلایا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی خان صاحب کہہ کر پکارتے تھے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ انہوں نے رانا ثناء اللہ پر جھوٹا مقدمہ قائم کیا۔ انہوں نے اپنی صفوں میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو بھی نہیں بخشا۔ ہم نے کہیں نہیں جانا ہے۔ شہزاد اکبر یہاں بیٹھا ہوا کرتے تھے، اس وقت بھی کہا تھا کہ خان صاحب یہ لوگ بھاگ جائیں گے آج وہ کہاں ہیں؟ ان کی سیاست میں تکبر اور غرور تھا، پی ٹی آئی کے دور میں اپوزیشن کو جیلوں میں بھیجا گیا۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے بینچ خالی پڑے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس معیشت پر ہے، آج شرح سود 13 فیصد پر آ گئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب ڈالر ہو چکے ہیں اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے،اس ملک کے عام آدمی کا مسئلہ غربت اور مہنگائی ہے اسے حل کرنا ہمارا فرض ہے۔