(24نیوز)سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینٹ الیکشن کو متنازعہ بنا دیا ہے، پی ڈی ایم چور دروازے سے آ ئین میں ترمیم کرنے کی مخالفت کرتی ہے۔سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا اگر یہاں شاہد خاقان اور راجا پرویز اشرف نہ ہوتے تو میرے کاغذات بھی مسترد ہو جاتے۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور سینٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومتی ارکان نے کہا کہ ہماری تیاری نہیں ہے، ہمیں وقت چاہیے تو الیکشن کمیشن نے انہیں وقت دے دیا اور کہا کہ آپ تیاری کرکے آئیں، میرے تجویز و تائید کنندہ کو تو وقت نہیں دیا جاتا۔نیئر بخاری نے الیکشن کمیشن سے سینٹ شیڈول میں توسیع کی بات کی لیکن الیکشن کمیشن نے نیئر بخاری کی بات نہیں مانی اور توسیع کامطالبہ مسترد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مخالف امیداور کی نااہلی کا کافی مواد ہے، لیکن میں نے اپنے وکیل کو ان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے سے روک دیا، وہ میری کابینہ میں سابق وزیر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے کے بعد ان کے پسینے چھوٹ گئے ہیں، قومی اسمبلی کے ارکان میرٹ پر فیصلہ کریں گے اور یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ویڈیو اسکینڈل میں پیسے لینے، دینے اور خریدنے والے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں۔اگر یوسف رضا گیلانی کے تجویز اور تائید کنندہ نہ ہوتے تو گیلانی صاحب کے کاغذات مسترد کر دیئے جاتے، یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے والے کا وکیل ہی نہیں تھا۔