(24نیوز) سینٹ الیکشن لڑنے والے 177 سینٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے نیب، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے تفصیلات طلب کرلیں جبکہ امیدواروں کو پارٹی ٹکٹس بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی 11 نشستوں پر 29 امیدوار سامنے آئے۔ سندھ کی 11 نشستوں پر 39 امیدواروں نے خیبر پختونخواہ کی 12 نشستوں پر 51 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر 41 امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اسلام آباد کی دو نشستوں پر 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
اسلام آباد سے پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد اور حفیظ شیخ کے کاغذات منظور کر لئے گئے۔ جنید اکبر نے فوزیہ ارشد کو تجویز کنول شوزب نے تائید کی، فوزیہ ارشد کے کاغذات نامزدگی پر کسی نے اعتراض نہ کیا۔ اسلام آباد سے جنرل نشست پر حفیظ شیخ کا ٹکٹ ریٹرننگ افسر کے پاس جمع ہوا۔ تحریک انصاف کی امیدوار زرقا تیمور کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔
پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا، خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی پلوشہ خان، سینٹ کی عمومی نشست پر شیری رحمان، صادق میمن اور دوست علی جیسر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلئے گئے۔
پنجاب سے جنرل نشستوں کے لئے 21، ٹیکنو کریٹس اور علماء کے لئے 3، خواتین کی نشستوں پر 5 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔
سندھ میں جنرل نشستوں کے لئے 19، ٹیکنو کریٹس 11 اور خواتین کی نشستوں کے لئے 9 کاغذات جمع ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں جنرل نشستوں کے لئے 22، ٹیکنو کریٹس اور علماء کے لئے 11، خواتین کے لئے 13 اور اقلیتی نشست کے لئے 5 امیداوار میدان میں آئے۔بلوچستان میں جنرل نشستوں پر 19، ٹیکنو کریٹس پر8، خواتین نشستوں کے لئے 9 اور اقلیتی نشست کے لئے 5 کاغذات جمع ہوئے۔ اسلام آباد سے جنرل نشست کے لئے 6 اور خواتین کی نشست کے لئے 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔