وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

Feb 17, 2021 | 17:52:PM

(24نیوز)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں سینیٹ انتخابات پر ایک گھنٹہ طویل بحث ہوئی، وزرا نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یوسف رضا گیلانی پہلے بھی نااہل ہو چکے،سزا یافتہ ہیں، حفیظ شیخ کے مقابلے میں ایسا امیدوار آیا جو پہلے نااہلی کی سزا کاٹ چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق عبدالحفیظ شیخ کی جیت یقینی بنانے کیلئے وزرا کو ٹاسک سونپ دیا گیا،اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ہر حکومتی رکن اپوزیشن ارکان سے ووٹ کیلئے رابطے کرے، ہر وزیر نے تعلقات کی بنا پر ووٹ مانگنے کی ذمہ داری لے لی، وزیراعظم نے کہاکہ حکومتی امیدواروں کیلئے سینیٹ الیکشن تک متحرک رہیں۔
ذرائع کامزید کہنا ہے کہ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں عبوری اضافہ کی اکثریت نے بھرپور مخالفت کی،شیخ رشید سمیت بعض کابینہ ارکان عبوری اضافہ کے حق میں ڈٹ گئے،21 سے 22 تک ملازمین کو بجٹ میں تنخواہ بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔
نئے سول سروس ایکٹ پر بھی بریفنگ کے دوران بتایاکہ سخت سزا کا قانون آرہا ہے، 20 گریڈ سے اوپر کے افسر کو کرپشن پر نوکری سے ہاتھ دھونا پڑیں گے،کابینہ نے اوورسیز کو ووٹ کا حق دینے کے قانون سازی کی ڈیڈلائن مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اوورسیز میرے دل کے قریب ہیں ،دیار غیر میں بھی پاکستان کیلئے بہت کچھ کررہے ہیں، انتخابات میں اوورسیز کو شامل ہونے کا فوری موقع دینا چاہئے، اوورسیز پاکستان کا سرمایہ ہے، ان کیلئے مزید بہت کچھ کر رہے ہیں، وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر اورصدر سے ملاقات کیلئے بعد ڈیڈ لائن دیں گے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ جبری گمشدگی کے معاملے پر بھی کابینہ میں بات چیت ہوئی، وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے دور حکومت میں ایک بھی جبری گمشدگی نہیں ہوئی، وزیراعظم نے جبری گمشدگی کیلئے فوری قانون لانے کا حکم دیا،اس کے علاوہ وزیراعظم نے جنسی درندگی روکنے کیلئے بل منظور کرنے کا حکم بھی دیا۔
کابینہ اجلاس میں ایئرپورٹ سے اسلام آباد میٹرومنصوبہ پر بات چیت ہوئی،وفاقی وزیرداخلہ نے میٹرو بس منصوبے پر بریفنگ کیلئے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی ،شیخ رشید نے کہاکہ این ایچ اے سے بات کر کے آئندہ ہفتے رپورٹ پیش کروں گا۔
 وزیر ریلوے نے ریلوے کو بزنس ماڈل بنانے کیلئے کابینہ سے تجاویز مانگ لیں، اعظم سواتی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پچھلے دور حکومت میں 1.2 ٹریلن کا نقصان ہوا، پی ایس ڈی پی کا منصوبہ بھی حکومتی نقصان ہے، وفاقی وزیر نے کہاکہ شاندار کارکردگی والوں کیلئے ایوارڈ کی پالیسی لائی جائے، کابینہ نے معمول کے ایجنڈا آئیٹمز کی بھی منظوری دیدی۔

مزیدخبریں