باپ کے بعد بیٹی کو فرار کرانے کیلئے ٹھیکیدار کو کنٹریکٹ مل گیا ،حافظ حسین احمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)جمعیت علما اسلام کے سابق رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ آزادی مارچ میں دولت کی بدولت پہلے نواز شریف لندن بھاگ گئے اب مارچ میں ”رینٹل مارچ“ کے ذریعے ”ٹھیکیدار“نے مریم نواز کو فرار کرنے کا ”کنٹریکٹ“ حاصل کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے 20ستمبر کو جس الیکٹورل کالج کو ختم کرنے کا جو معاہدہ پاکستان کیا تھااب اس کے حصول کیلئے تگ و دو کی جارہی ہے پی ڈی ایم کی قیادت نے یوٹرن لینے میں بڑے ریکارڈ قائم کرلئے ہیں پی ڈی ایم اپنے ہی فیصلوں اور معاہدوں سے ہٹ کر تھوک چاٹ رہی ہے جس الیکشن کمیشن کو ماننے سے انکار کیا گیا آج اسی کی نگرانی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا گیااور جو لوگ استعفے سپیکر کے منہ پر مارنے والے تھے اب وہ خود کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں میاں نواز شریف صحت کا بہانا بنا کر لندن بھاگ گئے تھے اب رینٹل احتجاج کے ماہر ٹھیکیدار مریم نواز کو فرار کرانے کے لیے مارچ میں مارچ کی تیاریاں کررہے ہیں اور رینٹل مارچ کے لیے ٹھیکیدار کی جانب سے5ارب روپے کی فراہمی کا مطالبہ کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے وقت باپ اور بیٹی دونوں کے جانے کا پلان تھا اسی لیے گیارہ ماہ تک خاموشی اختیار کی گئی لیکن ای سی ایل کی وجہ سے مریم نواز نہ جاسکی، انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا یہ کہنا کہ وہ بیمارہیں لیکن وہ باہر نہیں جائیں گی دراصل بیماری کا بہانا جانے کیلئے ہی کیا جارہا ہے باپ اور بیٹی کا طریقہ واردات ایک ہی ہے۔